‘بلاول نے نواز شریف پر عدم اعتماد کردیا’

392

حکومت نے بلاول بھٹو کے نوازشریف سے متعلق بیان  کو پی ڈی ایم میں دراڑیں اور تابوت میں آخری کیل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا پی ڈی ایم ذاتی مفاد اور اقتدار پرستوں کی بیٹھک ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ردعمل میں کہا کہ بلاول کا بیان پی ڈی ایم کا بیانیہ ایک نہ ہونے کا واضح ثبوت ہے،بلاول نے نواز شریف پر عدم اعتماد کردیا ہے،ثابت ہوگیا پی ڈی ایم ذاتی مفاد اور اقتدار پرستوں کی بیٹھک ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول کو فی الفوران کے گٹھ جوڑسے خود کو علیحدہ کرنا چاہیئے، بلاول کا بیان پی ڈی ایم کے تابوت میں آخری کیل ہے، فرزند زرداری نے خود کو ن لیگ کے بیانیے سے الگ کرلیا۔

فردوس عاشق نے کہا کہ بلاول کو یہ ثبوت پہلے مانگنے چاہیئے تھے، نوازشریف نے اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی، بلاول بھٹوکی معصومیت ہے نوازشریف سے ثبوت مانگ رہے ہیں، نوازشریف نقصان پہنچا چکے،بلاول کو ثبوت پہلے مانگنے چاہیئے تھے۔

فوجی قیادت کا نام لینا نوازشریف کا ذاتی فیصلہ تھا، بلاول بھٹو

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ہمیشہ دوسروں کے کندھوں کا استعمال کیا،نوازشریف کا بیانیہ پیپلزپارٹی بھانپ چکی ہے، پینترا بدلنا میاں صاحب کا روایتی ہتھکنڈا ہے، نواز شریف ہمیشہ سے پینترا بدلتے آئے ہیں۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ کے پی ڈی ایم جلسے میں فوجی قیادت کا نام لینا نوازشریف کا ذاتی فیصلہ تھا اور اب انتظار ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کب ثبوت پیش کریں گے.

بلاول بھٹو نے کہا کہ گوجرانوالہ جلسے میں نواز شریف کی تقریر میں براہ راست نام لینے پر انہیں دھچکا لگا، نوازشریف کی اپنی جماعت ہے انہیں کنٹرول نہیں کرسکتا کہ وہ کیسے بات کریں اور نہ ہی وہ مجھے کنٹرول کرسکتے ہیں کہ میں کیسے بات کروں.

دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ جو تجربات ہمارے ہیں وہ پیپلز پارٹی کے نہیں اور بلاول بھٹو کی عزت کرتے ہیں، وہ ہمارے پی ڈی ایم کے اتحادی ہیں.

محمد زبیرنے کہا کہ نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں جو کہا تھا وہ ہمارے حکومتی تجربات ہیں اور ہم سمجھتے ہیں سولین بالادستی کے لیے ضروری ہے کہ ہم یہ تجربات قوم کو بتائیں، چاہتے ہیں مستقبل میں وہ چیزیں نہ ہوں جو ماضی میں ہوئیں، نواز شریف ملک کے وزیر اعظم رہے انکے بعد بھی مسلم لیگ ن کی حکومت رہی.