کراچی : حسین لاکھانی اسپتال میں کاروانِ حیات انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے ذہنی و نفسیاتی امراض کے مریضوں کے لیے مفت او پی ڈی کا آغاز کردیا گیا۔
اس ضمن میں ایم او یو دستخط کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں چئیرمین حسین لاکھانی اسپتال نوید لاکھانی اور سی ای او کاروانِ حیات انسٹیٹیوٹ ڈاکتر ظہیر الدین بابر کے مابین ایم او یوز کا تبادلہ ہوا۔
اس موقع پر نوید لاکھانی کا کہنا تھا کہ سماج میں حالات کی سختی اور مشکلات کے باعث عوام میں ڈپریشن اور ذہنی تناؤ بہت بڑھتا جارہا ہے، جبکہ کورونا وبا نے بھی عوام کے ذہنوں پہ بہت منفی اثرات مرتب کیے ہیں، ایسے میں عوام کی ذہنی صحت کی دیکھ بھال کے لیے ہم یہ قدم اٹھا رہے ہیں جس سے ہر خاص و عام بالکل مفت استفادہ کرسکے گا۔
حسین لاکھانی اسپتال میں ہر دوسرے جمعے کو صبح 10 سے دن ایک بجے تک مفت او پی ڈیز کی سہولت ہوگی، جہاں ادویات بھی مفت فراہم کی جائیں گی۔