بدین (نمائندہ جسارت) سکرنڈ پولیس اور مقامی بااثر وڈیرے کیخلاف گولارچی میں مری برادری کے سیکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ و دھرنا دیا۔ مظاہرین نے چیف جسٹس عدالت عظمیٰ پاکستان اور وزیر اعلیٰ سندھ سیت دیگر ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ آل پاکستان مری اتحاد سندھ کے رہنما مہرالدین مری، واحد بخش مری، حاجی میرو خان مری، حاجی سلطان مری اور حسین احمد مری کی قیادت میں سیکڑوں مری برادری کے لوگوں نے شہید فاضل چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ سکرنڈ تھانے کے ایس ایچ او نے مقامی بااثر وڈیرے غلام حیدر شاہ کے کہنے پر ہمارے آل پاکستان مری اتحاد کے مرکزی نائب صدر قربان علی مری پر بلاجواز و جھوٹا مقدمہ درج کر کے ان کے دو بھتیجوں کو گرفتار کر کے لاپتا اور غائب کردیا ہے۔ اس سلسلے میں سندھ بھر کے شہروں میں ہونے والے مسلسل احتجاج کی وجہ سے سکرنڈ پولیس نے 14 سالہ بچے کی پولیس تحویل میں ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ دوسرا نو سالہ بچہ تاحال لاپتا اور غائب ہے، اس معصوم کو آسمان نگل گیا یا زمین کھا گئی، پولیس کچھ بتانے کو تیار نہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ جب تک مری اتحاد کے رہنما رئیس قربان خان مری پر قائم جھوٹا مقدمہ واپس نہیں لیا جاتا اور ایس ایچ او سکرنڈ کیخلاف قانونی کارروائی سمیت مقامی بااثر وڈیرے غلام حیدر شاہ پر مقدمہ درج نہیں ہوجاتا ہمارا پُرامن احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے چیف جسٹس عدالت عظمیٰ پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سلسلے میں فوری نوٹس لے کر ایک کمیٹی بنائی جائے، جو اس مسئلے کو حل کر کے انصاف اور تحفظ فراہم کرے۔