امریکا کے لیے پالیسی میں تبدیلی کی گنجایش نہیں‘ ایران

285

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے رہبر اعلیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کے صدارتی انتخابات کے نتائج خواہ کچھ بھی ہوں، واشنگٹن کے لیے تہران کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق انہوں نے کہا کہ امریکا میں افراد (حکمرانوں) کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ عرب ٹی وی کے مطابق تہران میں امریکی سفارت خانے پر 1979ء میں قبضے کی سالگرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کبھی امریکا کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔ امریکا نے افغانستان، عراق، شام، یمن، فلسطین اور دیگر اسلامی ممالک میں مداخلت کرکے ہزاروں مسلمانوں کو قتل کیا۔ امریکا دراصل انسانوں اور انسانیت کا دشمن ہے۔ واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی میڈیا نیٹ ورک سی بی ایس کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران چاہتا ہے کہ امریکا جوہری معاہدے میں دوبارہ شامل ہو، تاہم اس کا مطلب دوبارہ مذاکرات نہیں، اگر ہم نے بات چیت ہی کرنا ہوتی تو ہم چار سال پہلے صدر ٹرمپ کے ساتھ ایسا کر لیتے۔ انہوں نے کہا کہ بائیڈن کے بیانات حوصلہ افزا ہیں، اور ہم ابھی انتظار کریں گے۔