بھارت کے متعصب ترین ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی گرفتار

856

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں نفرت اور تشدد کو ہوا دینے والے متعصب ترین ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی کو گرفتار کر لیا گیا۔ ممبئی پولیس نے انہیں خاتون کو خودکشی کی ترغیب دینے کے مقدمے میں گھر سے حراست میں لیا جب کہ گرفتاری کے وقت ان کی پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ واضح رہے کہ 2018ء کا یہ مقدمہ پہلے بند کردیا گیا تھا، جسے اب دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گوسوامی کو رائے گڑھ لے جایا جا رہا ہے، جہاں ان سے تفتیش کی جائے گی، جس کی بنیاد پر مقدمے کی مزید کارروائی کریں گے۔ بھارت کے متنازع ترین ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی بی جے پی حکومت کے حامی اور دائیں بازو کے نظریات کو فروغ دینے والے متنازع چینل کے ایڈیٹر ہیں۔ چند ماہ قبل انہوں نے کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کے خلاف غیر مہذبانہ زبان استعمال کی تھی۔ وہ مسلمانوں کے خلاف بھی نفرت انگیز بیانات دیتے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔