اسلام آباد( آن لائن) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان نے کہا ہے کہضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والی جماعتوں کو95شوکاز نوٹسز جاری کرچکے۔بدھ کونیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کاا لیکشن صاف،شفاف اور آزادانہ ہوگا، دھاندلی کی افواہیں بے بنیاد ہیں، بلاول نے ابتدائی طور پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے،اب پی ٹی آئی کے وزراء و دیگر بھی خلاف ورزی کررہے ہیں، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) سمیت تمام جماعتوں کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کل 95 شوکاز نوٹسز جاری کرچکے،آئندہ بھی خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے اور قانون کے مطابق کارروئی بھی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کو صاف، شفاف بنانے اور کورونا سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے سے متعلق جامع مشاورت کے لیے 3 بار آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی جس میں اتفاق رائے سے ضوابط بھی بنائے گئے۔ راجا شہباز خان کا کہنا تھا کہ بلاول نے ابتدائی طور پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے، اب پی ٹی آئی کے وزراء علی امین گنڈاپور، مراد سعید و دیگر بھی خلاف ورزی کررہے ہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے ووٹرز کی سہولت کے لیے آن لائن سروسز دی گئی ہے،اس بار الیکشن میں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا،پولیس ،رینجرز اور ایف سی کے اہلکار الیکشن کے موقع پر سیکورٹی دیں گے،الیکشن ایکٹ سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کیا جائے گا،الیکشن کو ہر صورت صاف، شفاف اور آزادنہ بنایا جائے گا ۔