جاپان کراٹے چمپئن شپ کاظم شاہ اکیڈمی نے جیت لی

609

کوئٹہ(جسارت نیوز) کوئٹہ ڈسٹرکٹ جے کے اے کراٹے چمپئن شپ سید کاظم شاہ کراٹے اکیڈمی نے جیت لی ۔ پاکستان کراٹے اکیڈمی نے دوسری اور فدا شوتوکان کراٹے اکیڈمی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ ڈسٹرکٹ جے کے اے کراٹے چمپئن شپ تاجئی خان اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کی گئی ۔جس کا افتتاح امریکا سے آئے ہوئے کراٹے ماسٹر نورالامین نے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے کیونکہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے ہی ہسپتال ویران ہو سکتے ہیں لہٰذا حکومت کھیل وکھلاڑی کی سر پرستی کے عمل کو یقینی بنائے۔کوئٹہ ڈسٹرکٹ جے کے اے کراٹے چمپئن شپ میں 150 سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز نے حصہ لیا۔ چمپئن شپ میں بوائز اینڈ گرلز کے 15 ایونٹس میں کاتا اور کمیتے کے مقابلے منعقد ہوئے جس میںینگ کھلاڑیوں نے اپنے بہترین کھیل سے مہمانوں سمیت شائقین سے خوب داد حاصل کی ۔چمپئن شپ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈائریکٹر یوتھ افیئرز حکومت بلوچستان حاجی اعجاز علی اور صوبائی مشیر کھیل عبدالخالق ہزارہ کے پرائیویٹ سیکرٹری ناظر حسین نے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کئے۔اس موقع پر کیوکشن کراٹے کے چیف شہیان عمر خان ،پاکستان توائی فیڈریشن کے صدر ظاہر حسین سروری ،بلوچستان پولیس کے انسپکٹر محمد مہدی،لوکل گورنمنٹ کے چیف آفیسر اصغر حسین اور لعل محمد ترین، میجر ریٹائرڈ جاوید انور آغا سمیت دیگر مہمان بھی موجود تھے۔