انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کے انتظامات مکمل

292

اسلام آباد (جسارت نیوز)پاکستان اسکواش فیڈریشن (پی ایس ایف)کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ سیٹلائٹ انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔ایونٹ 20 سے 22نومبر تک پشاور میں کھیلا جائے گا۔انٹرنیشنل ایونٹ قومی کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں بہتری کے لئے مدد گار ثابت ہوگا۔پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے پاکستانی کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں بہتری کے لئے ملک میں مختلف ایونٹ کی میزبانی دی ہے۔منگل کو سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ8 مہینوں سے نہ صرف اسکواش بلکہ تمام کھیلوں کی سرگرمیاں معطل رہیں۔ دنیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی مقابلوں پر بھی پابندی لگا دی گئی تھی تاہم اب چونکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے اس لئے 20 سے 22نومبر تک پشاور میں سٹیلائٹ انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کا انعقاد کررہے ہیں جس میں مینز اینڈ وومن دونوں کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ ہر ایونٹ کے لئے ایک ایک ہزار ڈالر انعامی رقم رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس میں ٹاپ رینکنگ کے 16 کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔