دادو(نمائندہ جسارت)دادو میں مری برادری کا احتجاج، سکرنڈ پولیس کے خلاف نعرے بازی ۔ تفصیلات کے مطابق دادو میں مری برادری کے سیکڑوں افراد کی جانب سے سکرنڈ پولیس کی زیادتی کے خلاف دادو میونسپل پارک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے سکرنڈ پولیس کی زیادتیوں کے خلاف نعرے بازی کرکے دھرنا دیا جس کے بعد دادو پریس کلب پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام رسول مری، سلطان مری، جان محمد اور قمر خان مری سمیت دیگر نے کہا کہ گلی کے تنازعے پر سکرنڈ پولیس کے بدمست ایس ایچ او اصغر اعوان ہمارے مخالفین علی حیدر شاہ اور شیر لغاری سمیت دیگر سے مل کر ہمارے نیک مرد قربان علی مری کے اوپر بلاجواز جھوٹا مقدمہ درج کروایا ہے جس کے بعد ان کے بیٹے فرحان مری کو گرفتاری کے بعد گمشدہ کردیا گیا ہے۔ مخالفین پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ مظاہرین نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سمیت ایم این اے فریال ٹالپر سے جھوٹا مقدمہ ختم کرنے سمیت جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیے گئے فرحان مری کو آزاد کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔