اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں 15نومبر کو پی پی پی کے جیالے اور جیالیاں فتح کا جشن منائیں گے‘گلگت بلتستان میں جیالا وزیراعلیٰ ہوگا‘ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی ہرکوشش کو ناکام بنا دیںگے۔ یہ بات انہوں نے سعدیہ دانش کی رہائش گاہ پر خواتین کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بلاول زرداری نے کہا کہ پی پی پی نے جی بی میں جیالا وزیراعلیٰ دیا اور ایک دفعہ پھر جیالا وزیراعلیٰ دے گی‘ کچھ لوگ یہ دھمکیاں دے رہے ہیں کہ وہ خواتین کو دیامیر کے انتخابات میں ووٹ نہیں ڈالنے دیں گے لیکن پیپلزپارٹی کے جیالے اور جیالیاں ان کے ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ کی طرح جی بی میں بھی غربت کے خاتمے کا پروگرام اور ترقیاتی منصوبے شروع کرے گی۔