لاہور ( نمائندہ جسارت) ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیر اعظم کی بریت کا نو ٹس لیں، پارلیمنٹ حملہ کیس میں استغاثہ نے عمران خان کو غلط اور زبردستی بری کرایا، استغاثہ سے پوچھا جائے6 سال عوام کا وقت کیوں ضائع کیاگیا؟۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹریٹ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔راناثنااللہ نے کہا کہ اسلام آباد کا رخ کرنے کا حتمی فیصلہ پی ڈی ایم قیادت کر ے گی۔ اسلام آباد جانے والے ہمارے قافلے میں شامل افراد کی تعداد 10 لاکھ سے زیادہ ہوگی ، جس کے باعث پی ڈی ایم اپنے مقصد میں کامیاب ہوکر واپس لوٹے گی۔ 13 دسمبر کو پی ڈی ایم کا مینار پاکستان پر ہو نے والا جلسہ تاریخی اور فیصلہ کن ہوگا، جلسہ نااہل اور نالائق حکمران ٹولے کے خلاف ریفرنڈم ہوگا۔ پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔نواز شریف سے متعلق انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم اپنا اور حکمران ٹو لے کے علاج معالجے کے بعد وطن واپس آئیں گے۔