میرپورخاص (نمائندہ جسارت) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر اور مرکزی رہنما حافظ حمدللہ نے کہا ہے کہ ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے کسی کو آئین کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے ، عمران خان وزیراعظم کم اور پاکستان کے مسٹر بین زیادہ لگتے ہیں، وزیراعظم اپنے منصب کے مطابق بات نہیں کرتے جس کی وجہ سے پوری دُنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوتی ہے، ایاز صادق نے پاک فوج کے حوالے سے کچھ نہیں کہا صرف شاہ محمود کے حوالے سے بات کی میں بھی ایاز صادق کے بیان کی تائید کرتا ہوں کہ وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں، شبلی فراز اور فیاض الحسن چوہان جیسے لوگ صرف ڈھول بجانے کے لیے رکھے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور خاص میں سانحہ تیز گام میں شہید ہونے والے افراد کی یاد میں منعقد ہونے والی کانفرنس سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مفتی فضل الحق، مفتی عبدالباسط، مولانا سعدالدین، مفتی عادل، مولانا عبد اللہ، مولانا حفیظ الرحمن فیض اور دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ حمد للہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ جنات اور خلائی حکومت ہے انسانوں کی نہیں میں ان کو حکومت نہیں مانتا، پی ڈی ایم آئین کی بالادستی ہے، ہم انگریز کیخلاف لڑتے آئے ہیں۔ پیپلز پارٹی الگ ہوجانے کی بات اگر مگر پر انحصار کرتی ہے، فی الحال پی ڈی ایم ایک پیج پر ہے، پی ڈی ایم کے پیچھے امپائرز کی انگلی نہیں ہے، عوام کی طاقت سے یہ حکومت جائے گی۔