ٹھٹھہ ،محکمہ جنگلات کے ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

62

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) محکمہ جنگلات کے ملازمین کے جائز مسائل حل نہ ہوسکے، ملازمین سراپا احتجاج بن گئے، احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا، سخت نعرے بازی۔ سندھ فاریسٹ ورکرز ایسوسی ایشن ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے محکمہ جنگلات کے ملازمین کی تنخواہیں ٹریژری آفس کے ذریعے کرنے، اپ گریڈ کرکے لوئر اسٹاف پنجاب اور کے پی کے کے برابر کرنے، ملازمین کے لیے ہائوسنگ سوسائٹی کے قیام، ٹائم اسکیل، یونیفارم، سن کوٹہ، فیلڈ اسٹاف کی سیکورٹی کے لیے ہتھیار فراہم کرنے، ورک چارج ڈیلی ویجز پر کام کرنے والوں کو پکا کرنے سمیت دیگر مطالبات کے حق ایک احتجاجی ریلی فاریسٹ آفس سے مکلی پریس کلب تک نکالی گئی۔ جہاں مظاہرین نے نعرے بازی کی اور دھرنا دیا۔ اس موقع پر فاریسٹ ورکرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری دوست علی سموں، ضلعی صدر فدا حسین گگو، جنرل سیکرٹری محمد عتیق جوکھیو، علی اکبر میمن، عبداللطیف شاہ، محمد اشرف مگسی، نذیر احمد ہالو، دوست علی گرمانی نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات کے سوا دوسرے تمام محکموں کے ملازمین کی تنخواہیں ٹریژری آفس کے ذریعے آن لائن ہورہی ہیں مگر ہم سے سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے، تنخواہیں آن لائن نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں ہر ماہ پریشان ہونا پڑتا ہے، اس کے علاوہ ہمارے کوئی بھی مسائل حل نہیں کیے جارہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہمارے جائز مسائل حل کرکے ہمیں پریشانی سے بچایا جائے، مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔