ایاز صادق کی تقریر غلط ہوتی تو اسپیکر حذف کرادیتے‘شاہد خاقان عباسی

313

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے رہنما ء اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ ایاز صادق کی تقریر سن لیں، انہوں نے وزیر خارجہ کی کیفیت بیان کی ہے،اگر ان کی کوئی بات غلط ہوتی تو اسپیکر حذف کرادیتے۔مسلم لیگ ہاؤس کراچی میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ مریم نواز نے پہلے بھی جیل کاٹی ہے اب بھی کاٹ لیں گی،کراچی میں مریم نواز کے کمرے کادروازہ توڑاگیا، آئی جی سندھ کواغوا کرکے مقدمہ درج کرایاگیا،10 روزمیں تحقیقات کاوعدہ کیاگیاتھا مگرکوئی پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی،وزیراعظم نے مہنگائی کم کرنے کی خوشخبری نہیں دی، کابینہ اجلاس ہوتاہے توکوئی نہ کوئی چیزمہنگی ہوجاتی ہے،ایسے فیصلے ہوتے ہیں جس سے چند افرادکو فائدہ ملتاہے، پی ڈی ایم کاآئندہ جلسہ 22 نومبرکوپشاورمیں ہوگا،پی ڈی ایم کی تحریک کے نتیجے میں ملک میں نیا سول ملٹری ریلیشن شپ اور نیا سوشل کنٹریکٹ بنے گا،سی پیک کو نیب سے استثنا دینے کا بل لایا گیا،کیا سی پیک میں سب پارسا ہیں۔