عدالت عظمیٰ کاوکلا کوٹے کے پلاٹس سے متعلق سماعت سے انکار

157

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے وکلا کوٹے کے پلاٹس کا تنازع حل کرنے سے متعلق دائر درخواست سننے سے معذرت کرتے ہوئے بار کو معاملہ نمٹانے کی ہدایت کردی۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے وکلا کوٹے کے پلاٹس کا تنازع حل کرنے سے متعلق درخواست گزار احمد نواز چودھری کی جانب دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ  فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کا اسلام آباد جی13 کا پلاٹ وکلا کوٹے میں میرٹ پر نہیں مل رہا۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ یہ بار کا معاملہ ہے اور بار کے ایشوحل کرنا ہمارا کام نہیں، بار کے تمام اراکین ہمارے لیے محترم اور برابر ہیں، بار معاملے کو جنرل باڈی کے سامنے رکھے اور طریقہ کار طے کر لے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ اگر کسی قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو ہمیں بتائیں، عدالت عظمی نے بار کو وکلا کوٹے کے پلاٹس کا تنازع حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دائر درخواست نمٹا دی ہے۔