روسی اور امریکی ساختہ طیاروں کے ساتھ ایرانی مشقیں

375

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کی فضائیہ نے اپنی سالانہ فوجی مشقوں کا آغاز کردیا ہے، جس میں امریکی اور روسی ساختہ ازکار رفتہ لڑاکا جیٹ، ایرانی ساختہ بغیر پائلٹ ڈرون اور دوسرے طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق عسکری طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے پیر کے روز شروع ہونے والی 2 روزہ فوجی مشقوں میں ایران کے 8 فضائی اڈوں کو استعمال کیا جارہا ہے اور اس دوران ایرانی طیارے پرواز کرتے ہوئے میزائل چلانے اور فضا میں ایندھن بھرنے کے تجربات کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی اسلحہ کی خریدوفروخت پر عائد پابندی کے خاتمے کے بعد ایران کی یہ دوسری فوجی مشقیں ہیں۔ اس سے قبل ایران اس پابندی کے باعث دوسرے ممالک سے ٹینک اور لڑاکا جیٹ خرید نہیں کرسکتا تھا، تاہم اب ایران دوسرے ممالک سے نئے لڑاکا جیٹ خرید کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ایرانی فضائیہ اس وقت بھی امریکی ساختہ پرانے ایف 14 ٹام کیٹس کے علاوہ ایف 4 اور ایف 5 لڑاکا جیٹ استعمال کررہی ہے۔ ایران نے یہ طیارے 1979ء کے انقلاب سے قبل رضا شاہ پہلوی کے دور میں امریکا سے خریدکیے تھے۔ ان کے علاوہ ایران کے پاس روسی ساختہ پرانے سیخوئی لڑاکا جیٹ بھی ہیں۔