نوابشاہ (سٹی رپورٹر) فرانس کے وزیر اعظم کی جانب سے نبی پاکﷺ کی شان میں گستاخی کیخلاف ناموس رسالتﷺ کمیٹی نوابشاہ کی اپیل پر نوابشاہ شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، جبکہ شہر کے کاروباری مراکز کچھری روڈ، مسجد روڈ، کپڑا مارکیٹ، لیاقت مارکیٹ، موہنی بازار، اسپتال روڈ، سکرنڈ روڈ، قاضی احمد موڑ و دیگر علاقے مکمل طور پر بند رہے، جبکہ میونسپل کمیٹی نوابشاہ کے سابق چیئرمین حاجی محمد عظیم مغل، چودھری عبدالقیوم آرائیں، شیعہ علماء کے مولانا کفایت کریمی، محمد عالم مری، محمد حسین چانڈیو، اسلم نوری، چودھری ظفر آرائیں، غلام مصطفی دھوئنرو، شوکت مصطفائی، ساجد اویسی، ایڈووکیٹ غلام شبیر زرداری، جی ایم خاصخیلی و دیگر کی قیادت میں ریلی نکال کر نوابشاہ پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں نوابشاہ کے شہریوں اور عاشقان رسولﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ اسلام دشمنی میں فرانس کی ہرزہ سرائی مسلمان برادشت نہیں کریں گے۔ شان رسالتﷺ کے مرتکب فرانس کے صدر کیخلاف اسلامی ممالک یکجان ہوکر ایک آواز ہوں، فرانس مذہبی منافرت پھیلانے والے شہریوں کی پشت پناہی سے باز رہے۔ پاکستان سمیت اسلامی ممالک فرانس سے اپنے سفارتی نمائندوں کو واپس بلاکر فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ اسلام امن پسند مذہب ہے مگر عاشقان رسولﷺ شان رسالتﷺ میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔