کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات،رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے کہاہے کہ اپوزیشن کونیب کے ذریعے دباؤ میں لانا اورگلگت بلتستان کے انتخابات کوہائی جیک کرنے کے لیے وزیراعظم سمیت وفاقی وزرا کی سرگرمیاں انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے، عمران خان نے گلگت میں اے ٹی ایم مشین کے منہ کھول دیے ہیں،الیکشن کمیشن کومعاملے کا فوری نوٹس لینا چاہیے،پی ڈی ایم کا اگلا جلسہ پشاورمیں ہوگا،الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیپلزپارٹی میڈیاسیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایم این اے ڈاکٹرشاہدہ رحمانی،پیپلزپارٹی کراچی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات آصف خان،شکیل چودھری، سردارنزاکت ، اداکار ایوب کھوسہ،طارق خٹک دیگربھی موجود تھے۔ ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے کہا امین گنڈا پور وزیر ہونے کے باوجود گلگت میں کیوں موجود ہیں؟،وفاقی حکومت دھاندلی کی منصوبہ بندی کرچکی ہے۔اعلان کیا جارہا ہے کہ جو جتنے ووٹ دے گا اسے اتنے ترقیاتی منصوبے ملیں گے ،گلگت بلتستان میں نگراں حکومت کے لوگوں سے وفاقی وزرا ملاقاتیں کررہے ہیں،تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کیا ہے،الیکشن کمیشن اس پر ایکشن لے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں نفرت آمیز پوسٹر بانٹے جا رہے ہیں جس کی مزمت کرتے ہیں ۔