لاہور(نمائندہ جسارت)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریاست سے لڑائی کے نتائج سنگین ہوں گے،ڈھائی سال میں ایاز صادق کو بولتے نہیں دیکھا اور اب سب کچھ نوازشریف اور مریم نواز کے اشارے پر ہورہا ہے۔ہفتے کوریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تھپکی کے بغیر ایاز صادق اس سطح کا بیان نہیں دے سکتے ، فوج کیخلاف جس طرح کی زبان استعمال کی جارہی ہے یہ غیر ملکی ایجنڈا ہے ، اگر اپوزیشن نے سیاسی لڑائی لڑنی ہے تو عمران خان میدان میں ہیں لیکن اگر آپ ریاست سے لڑائی لڑیں گے تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے ، عقل کے اندھوں کو اندازہ نہیں ہے کہ پاکستان کی سیاست کس خطرناک مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور اس کے کچھ بھی نتائج نکل سکتے ہیں ، آج سے نئی سیاست شروع ہو رہی ہے اور 90روز میں فیصلہ ہو جائے گا ۔