لاہور‘ملتان(آن لائن)مسلم لیگ (ن )کے 2ا رکان صوبائی اسمبلی نشاط ڈاہا اور یونس انصاری نے کہا ہے کہ ایاز صادق کے متنازع بیان کے بعد سرشرم سے جھک گیا ہے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نشاط ڈاہا کا کہنا تھا کہ مجھے بڑا دکھ ہوا جو ایاز صادق نے بیان دیا،سابق اسپیکر کے بیان سے میرا سر شرم سے جھک گیا ہے، اگر آپ لوگوں نے بھارت کو خوش کرنا ہے تو وہاں چلے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور ایاز صادق کے بیانیے سے پوری قوم کو دکھ ہوا، جو آپ لوگ کر رہے ہیں یہ ملک کے لیے بہتر نہیں ہے، میں نواز شریف اور ایاز صادق کے بیانیے کی مخالف کرتا ہوں۔ دوسری جانب لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یونس انصاری کا کہنا
تھا کہ 35 سال سے ہمارا خاندان سیاست میں ہے، میرے بھائی کو اللہ نے ایم پی اے بنایا، شرمندگی ہو رہی ہے کہ قومی اسمبلی میں کیا ہو رہا ہے، ٹانگیں کانپنے والے بیان پر ایاز صادق کو شرم آنی چاہیے تھی،ایاز صادق ملک دشمنوں کی بولی بول رہے تھے۔ یونس انصاری کا کہنا تھا کہ جب یہ لندن میں نکلتے ہیں تو لوگ انکو چور چور کہتے ہیں۔