سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں مضر صحت ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت کی شکایات پر سندھ فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، دودھ، پانی اور کھلا تیل فروخت کرنے والی دکانوں پر چھاپے، ہزاروں روپے جرمانہ عائد، وارننگز جاری کردیں۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر عائشہ جونیجو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاشق علی میمن کی قیادت میں اتھارٹی کی ایک ٹیم نے سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے وہاں پر واقع ہوٹلز، دودھ، پانی اور کھلا ہوا تیل فروخت کرنے والی دکانوں پر چھاپے مارے اور وہاں پر دودھ، پانی اور تیل کا معیار اور مضر صحت کھانے فروخت کرنے پر دکانوں اور ہوٹلوں پر بھاری جرمانے عائد کیے اور دکانداروں کو وارننگز جاری کیں کہ اس بار تو ان کے ساتھ رعایت کرکے صرف جرمانے عائد کیے جارہے ہیں، اگلی بار نہ صرف ان کی دکانوں اور ہوٹلوں کو سیل کردیا جائے گا بلکہ ان کیخلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی عائشہ جونیجو کا کہنا تھا کہ لوگوں کی صحت سے کھیلنے اور مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کو کسی طور نہیں چھوڑا جائے گا۔