فرانسیسی صدر کی ہرزہ سرائی تہذیبوں کے تصادم کو ہوا دے رہی ہے ، سراج الحق

166
مظفر گڑھ:امیر جما عت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق امراء اضلاع کی حلف برداری تقریب سے خطاب کررہے ہیں

 

لاہور،مظفر گڑھ(نمائندہ جسارت+نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پوری قوم فرانس کے صدر ماکرون اور شیطانی ایجنٹوں کی مذمت کرتی ہے۔ ماکرون کی ہرزہ سرائی تہذیبوں کے تصادم کو ہوا دے رہی ہے۔اسلامی دنیا فرانس کے ساتھ تمام تجارتی معاہدے ختم کرکے اپنے سفیروں کو فرانس سے واپس بلائے اور فرانس کے سفیروں کو مسلم ممالک سے نکالا جائے۔کشمیر پاکستان کی بقا ،سا لمیت اور تحفظ کا مسئلہ ہے ۔ حکمران کشمیر پر معذرت خواہانہ رویہ ترک کرکے علی الاعلان کشمیر یوں کا ساتھ دیں۔ کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور 22کرورڑ عوام کا ہے ۔حکمران اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی طرف دیکھنے کے بجائے آزادی کشمیرپر قومی ایکشن پلان دیں۔وزیر اعظم صاحب خدارا اپوزیشن سے لڑنے کے بجائے مہنگائی سے لڑیں۔ حکومت کے 8 سو دن گزر گئے تقریریں سن سن کر لوگوں کے کان پک گئے ہیں۔ملک میں سیاسی انتشار اور تمام ادارے ناکامی سے دوچار ہیں۔ حکومت جتنا زور اپوزیشن سے لڑنے پر لگا رہی ہے اس
سے آدھا مہنگائی بے روز گاری اوربد امنی کے خاتمے پر لگا لیتی توعوام کو کچھ ریلیف مل سکتا تھا۔حکمران اللہ سے توبہ و استغفار اور قوم سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود احمد خان کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے سردار مسعود خان اور سیکرٹری جنر ل جماعت اسلامی امیر العظیم نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی سابق سینیٹر پروفیسرمحمد ابراہیم ،عبد الرشید ترابی ،ڈپٹی سیکرٹریزجماعت اسلامی محمد اصغر ،اظہر اقبال ،امیر لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حضورؐ سے محبت و عقیدت اور ان کی حرمت و ناموس کے تحفظ کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ۔عالم اسلام کے حکمران خاموش تماشائی بنیں نہ بیانات اور خطوط کی حد تک رہیں،امت کا مطالبہ ہے کہ تمام فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ اور فرانس کے ساتھ تمام تجارتی معاہدے ختم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں،لیکن یہ کبھی برداشت نہیں کرسکتے کہ کوئی قرآن مجید اور نبی مہربان حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی توہین کا مرتکب ہو۔جب تک ماکرون معافی نہ مانگے اور آئندہ اس طرح کی قبیح حرکت سے باز رہنے کی یقین دہانی نہ کرائے فرانس کے ساتھ ہر طرح کے تعلقات ختم کیے جائیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ربیع الاول کا پیغام یہی ہے کہ ملک میں اسلامی نظام نافذہو۔سودی نظام معیشت سے توبہ کی جائے ۔قرآن و سنت کی بالادستی قائم ہو ۔عدالتوں میں قرآن پر فیصلے ہوں ۔غریبوں بے کسوں ،یتیموں اور بیوائوں کی کفالت ریاست کرے ۔کشمیری اللہ کے بعد پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔کشمیر زمین کا ایک ٹکرا نہیں بلکہ پاکستان کی تکمیل کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ہمارے ملک کے دریاؤں کا پانی کشمیر سے آتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اقوام متحدہ میں تقریر پر ہم نے شاباش دی ۔واپسی پر عمران خان نے کہا جو کشمیر کی طرف جائے گا وہ غدار ہوگا۔عمران خان کا یہ بیان 1948ء کے جنرل گریسی کے بیان کی یاد تازہ کرتا ہے۔عمران خان کا بیان ایک شکست خوردہ پالیسی کا عکاس ہے۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور قیادت نے تقویٰ کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے ۔ جماعت اسلامی نے جموںو کشمیر کی آزادی کے لیے خون دیاہے اور تحریک آزاد ی ٔ کشمیر کا علم پوری دنیا میں اٹھا یاہوا ہے۔ کشمیر اس وقت اپنے بدترین دور سے گزر رہا ہے ۔اگر ہم اس وقت نہ جاگے تو کشمیر ہاتھ سے جاتا رہے گا۔ایک سال سے پورے کا پورا کشمیر محاصرے میں ہے اورکشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر ریاست پاکستان کے وجود کو بھی اس وقت خطرہ ہے ۔بھارت نے پاکستان کے خلاف ایک یلغار شروع کردی ہے ،ان حالات میں پاکستان کی ذمے داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کا وعدہ موجودہ اورسابق حکومتوں نے بھی کیا مگر ان وعدوں کا کیا ہوا۔ن لیگ پی پی اور پی ٹی آئی میں کوئی اختلاف نہیں ان کا جھگڑا اسٹیبلشمنٹ کے فیڈر کا ہے، جو آج عمران خان کے منہ میں ہے۔11 جماعتوں کا اتحاد اصل میں ن لیگ اور پی پی کا گٹھ جوڑ ہے موجودہ حکومت میں بھی وہی مسائل ہیں جو گزشتہ حکومت میں تھے۔ جھگڑا صرف کرسی کا ہے ۔امریکا کی غلامی میں یہ سب ایک ہیں۔پی ٹی آئی حکومت کے 2 سال میں قرضے میں تیزی سے اضافہ ہوا۔جماعت اسلامی ایسے پاکستان کی جدوجہد کررہی ہے جس کے بچوں کو عرب کے ریگستانوں میں جاکر مزدوری نہ کرنا پڑے۔ جماعت اسلامی اس وقت بیسٹ آپشن کے طور پر موجود ہے۔عوام نے سب کو آزمایا اور ہر ایک سے دھوکا کھایا۔جماعت اسلامی پورے اخلاص کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کرے گی۔اس وقت ملک میں مائوں بہنوں بیٹیوں حتیٰ کہ معصوم بچیوں کی عزت اور جان محفوظ نہیں۔ مودی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا مودی ہماری طرف آنکھ اٹھائے گا تو آنکھ پھوڑ دیں گے اور قدم بڑھائے گا تو گلہ دبا دیں گے مگر مسئلہ آستین کے سانپوں کا ہے۔عمران خان کہتے ہیں کہ مافیاز کا راج ہے ،مافیاز ہمارے ساتھ نہیں آپ کے دائیں بائیں ہیں۔ہمارے پاس اللہ کا دیا ہواوہ نظام ہے جس میں ہمارے تمام مسائل کا حل موجود ہے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر گڑھ میں لیہ ،ڈیرہ غازیخان مظفر گڑھ کے امرائے اضلاع کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی امیر رائو محمد ظفر امرائے اضلاع منور حسین،رشید اختر،انجینئر عمر درازفاروقی بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم پاکستان کو ایک ایسی ریاست دیکھنا چاہتے ہیں جہاں مالی کرپشن نہ ہو۔حکومت اور ریاست عوام کا خون نچوڑنے والی نہ ہو۔غریبوں کا معاشی استحصال نہ ہو۔لوگوںکو بنیادی ضروریات کے لیے وڈیروں جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے گھروں کا طواف نہ کرنا پڑے ۔سود سے پاک معیشت ہی ملک و قوم کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرسکتی ہے ۔ ہمارے ایمان کا تقاضا ہے کہ عشق مصطفیؐ کسی ایک دن نہیں بلکہ پوراسال اور پوری زندگی رہے ۔ربیع الاول کا مہینہ ایک مبارک مہینہ ہے۔اس ماہ مبارک میں ہمیں عہدکرنا چاہیے کہ حضور ؐ کا لایا ہوا نظام معیشت ،نظام معاشرت اور نظام سیاست و جمہوریت کے نفاذ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔