لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پولیس اہلکار کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو عمر قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کے جج احمد لقمان میمن کی عدالت میں 6 ماہ قبل شہدادکوٹ اے سیکشن تھانے کی حدود میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے قتل ہونے والے پولیس اہلکار غلام شبیر بھٹی کے قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی جہاں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے مجرم عامر شیخ کو عمر قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ واضح رہے کہ 6 ماہ قبل لاڑکانہ میں عامر نے اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ دیہاتی سے موٹر سائیکل چھیننی تاہم پولیس کی ناکابندی کے دوران ملزم نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار غلام شبیر بھٹی کو قتل کر دیا تھا۔دوسری جانب قمبر کے قریب قمبر شہدادکوٹ بائی پاس روڈ پر تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں پولیس اہلکار احمد علی جاگیرانی اور ان کی اہلیہ راہی خاتون شدید زخمی ہوئے، اطلاع پر قمبر سٹی تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر کار تحویل میں لیتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا بعد ازاں زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج پولیس اہلکار احمد علی جاگیرانی دم توڑگئے جبکہ ان کی زخمی اہلیہ کو طبی امداد دی گئی، متوفی اہلکار کے ورثا کے مطابق احمد علی اپنی اہلیہ کے ہمراہ شہدادکوٹ رشتے داروں کے ہاں گئے جہاں گاؤں واپسی پر وہ روڈ حادثے کا شکار ہوئے جبکہ ان کی اہلیہ زخمی ہوئیں۔