کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ پولیس کے فنڈر میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا معاملہ، عدالت نے درخواستوں کی سماعت کے لیے کیس چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو بھیج دیا۔ سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی و دیگر کی درخواست ضمانت پر سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی ، ملزمان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کی ہدایت کے مطابق جس بینچ میں پہلے کیس سنا گیا ہو وہی بینچ مزید ملزمان کی درخواستوں کی سماعت کرے گا،ریفرنس میں شریک ملزم فدا حسین شاہ اور تنویر احمد طاہر کی درخواست کی چیف جسٹس نے خود سماعت کی تھی،ریفرنس ایک ہے تو سابق آئی جی سمیت دیگر کی درخواستیں بھی پہلے والے بینچ کو سننی چاہییں۔عدالت نے غلام حیدر جمالی اور دیگر کی عبوری ضمانت میں 6 نومبر تک توسیع کردی۔علاوہ ازیں پی ایس پی او میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال کے معاملے پرنیب نے شیخ عمران الحق اور دیگر کیخلاف دوسرے ریفرنس میں انکوائری شروع کردی، سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق اور دیگر کی عبوری ضمانت کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی جہاں عدالت نے شیخ عمران الحق اور دیگر کے خلاف ایک ماہ میں انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا، دیگر ملزمان ضیا محمد، ناظر عباس زیدی، اختر ضمیر اور امجد پرویز جنجوعہ شامل ہیں۔ عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 8 دسمبر تک توسیع کردی۔