پشاور (آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان و رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے مطالبہ کیا ہے کہ پشاور دھماکے سے متعلق وفاقی وزیر شیخ رشید سے تحقیقات کی جائیں ، پشاور کے مدرسے میں دھماکہ قابل مذمت اور اس میں معصوم جانوں کی شہادت افسوسناک ہے، عوامی نیشنل پارٹی حادثے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہے۔ باچا خان مرکز
میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثمر ہاروون بلور کا کہنا تھا کہ نیکٹا کی جانب سے تھرٹ الرٹ آنے اور پشاور میں دھماکے سے قبل پشاور اور دیگر علاقوں میں کس بنیاد پر دہشتگردی کے واقعات کی پیشگوئی کر رہے تھے اور اگر اس حوالے سے حکومتی اراکین کو معلومات تھی تو اس کا تدارک کرنے کے لیے اقدامات کیوں نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسے میں دھماکے پر آرمی پبلک اسکول کی طرز پر ردعمل نہیں دیکھا گیا۔ صوبائی حکومت سانحہ دیر کالونی کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کا ایک مشترکہ اجلاس بلائے اور مستقبل میں اس جیسے واقعات سے بچنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دے۔ انہوںنے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں ۔