دادو(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ نواز ضلع دادو کے صدر علی نواز رند اور ضلع نائب صدر علی اکبر سولنگی نے ن لیگ کو الودع کرکے اپنے عہدوں سے استعفے دیکر اپنی برادریوں کے ساتھ سولنگی، خاصخیلی اور بوزدر برادریوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ تفصیلات کے مطابق دادو کے قریب گوٹھ غلام قادر رند میں منعقد تقریب میں دادو پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما ضیا لنجار، پی پی پی ضلع دادو کے صدر ایم این اے سردار رفیق احمد جمالی، شبیر ابڑو اور دیگر نے شرکت کی ۔اس موقع پر پی پی پی رہنمائوں نے علی نواز رند اور علی اکبر سولنگی کو پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر نے پر خوش آمدید کہا اور کہاکہ پیپلز پارٹی عوامی پارٹی ہے اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ورکروں کو عزت دی ہے اور دیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بعد رند اور سولنگی برادری سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والے تمام لوگ سب ہمارے بھائی اور ساتھی ہیں اور ہم مرتے دم تک ان کا ساتھ دیں گے۔ اس موقع پر پی پی پی میں شمولیت کرنے والے علی نواز رند نے اپنے خطاب میں کہاکہ سندھ میں مسلم لیگ نواز دہڑا بندی کا شکار ہے اور سب کے سب طرم خان بنے ہوئے ہیں اور ورکروں کے ساتھ وہ ذاتی ملازموں جیسا سلوک کر رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی عوامی پارٹی ہے اس لیے میں نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی ورکروں کو عزت دیتی ہے اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔