لاہور (جسارت نیوز) قومی ہاکی چیمپئن شپ، پی اے ایف نے کے پی کے کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام قومی ٹرے ہاکی چیمپین شپ کے چھٹے روز 3 میچ کھیلے گئے۔ دن کے پہلے مقابلے میں ، اسلام آباد نے آزاد جموں و کشمیر کو 4-0سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کی طرف سے عثمان رمضان نے2 ، اظہر اللہ اور عدیل احمد نے ایک گول کیا۔دوسرا میچ ایم پی سی ایل اور پنجاب کے مابین کھیلا گیا۔ ایم پی سی ایل نے 2-1 سے جیت لیا۔ ایم پی ایل سی کی جانب سے ارشد لیاقت اور محمد عمران نے ایک، ایک گول اسکور کیا جبکہ پنجاب کی جانب سے حنان شاہد نے واحد گول کیا۔دن کے آخری میچ میں پی اے ایف نے کے پی کے کو 3-2 سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم کے لئے رضوان علی ، ایم بلال ، اورعمران نے ایک، ایک گول اسکور کیا ، جبکہ عثمان خان اور رومان تیمور نے ایک، ایک گول کیا۔ میچ کے مہمان خصوصی اولمپیئن دانش کلیم تھے۔ آج 2 سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل پی اے ایف بمقابلہ پنجاب ساڑھے 12 بجے کھیلا جائے گا۔ دوسرا سیمی فائنل ڈھائی بجے دوپہر کھیلا جائے گا۔ ایم پی سی ایل پہلے ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکا ہے جبکہ کے پی کے اور ایچ ای سی کے مابین شوٹ آئوٹ کے نتیجے کے بعد حریف کا فیصلہ کل صبح9 بجے ہوگا۔ تمام میچز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم پیچ نمبر 2 پرکھیلے جائیں گے ۔