لاہور (آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تمام اسلامی ممالک کو ایک نظریہ پر متفق ہونا ہوگا، دنیا اسلاموفوبیا سے باہر آئے، امت مسلمہ گستاخانہ خاکوں کو ہٹانے اور معافی مانگنے تک فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھے۔ بدھ کو اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا سے ملاقات میں جڑانوالہ سے چودھری خضر عباس جٹ
اور وہاڑی سے آزاد امیدوار قومی اسمبلی رانا صغیر احمد گڈو نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر نبی احمد جٹ، رائے عثمان جٹ، سمیرا ساہی اور رانا آصف پومی بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کو ایک نظریہ پر متفق ہونا ہو گا تبھی مسلمانوں کو دنیا میں اپنا مقام حاصل ہو گا، اسلام ایک امن پسند مذہب ہے، دنیا کا امن اسلامی تعلیمات پر عمل کر کے ہی قائم رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جبکہ شرپسند عناصر ملک کا امن تباہ کرنے پر تلے ہیں۔