پشاور مدرسے میں دھماکے کی ابتدائی رپورٹ جاری

359

پشاور (آن لائن) پشاور میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آگئی ہے۔ذرائع کے مطابق مدرسے اور درس کے لیے آنیوالے طلبہ کی ریکی کی گئی
تھی، مدرسے میں زیر تعلیم ایک طالبعلم بھی زیر تفتیش ہیں، تحقیقاتی ٹیم کے مطابق طلبہ کے تمام کوائف کا ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا۔ گزشتہ روز مدرسہ کے غسل خانوں میں مرمتی کام جاری تھا اور مرمتی کام کرنے والے مزدوروں سے بھی تفتیش جاری ہے۔ مشتبہ شخص سے متعلق عینی شاہدین سے بیانات قلمبند کر لیے گئے۔سی ٹی ڈی، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اہلکار بھی تحقیقاتی ٹیم میں شامل ہیں۔ پشاور میں دیر کالونی کے مدرسے کو گزشتہ روزدھماکے کے بعد ایک ہفتے کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ رات گئے پشاور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایلیٹ فورس یونٹ نے بھی آپریشن میں حصہ لیا ہے۔ سی ٹی ڈی تفتیشی ٹیم نے زخمیوں اور عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کیے ہیں۔