لاہور(نمائندہ جسارت)لاہور کی احتساب عدالت نے نیب کی استدعا پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیخلاف 12 پلاٹوں کی انکوائری بند کرنے کی منظور ی دے دی۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے نیب کی ریفرنس بند کرنے کی استدعا منظور کرلی۔ نیب کی طرف سے عدالت میں شہباز شریف کیخلاف 12 پلاٹوں کی انکوائری بند کرنے کے لیے دائر ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایل ڈی اے بلڈنگ میں آتشزدگی کے باعث تمام ریکارڈ جل کر خاکستر ہوچکا ہے جس کے باعث شہباز شریف پر عاید الزامات کے شواہد دستیاب نہیں جبکہ انکوائری میں نامزد میاں عطااللہ اور میاں رضا عطا اللہ وفات پا چکے ہیں۔علاوہ ازیںلاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے جیل ٹرائل کے لیے ڈی جی نیب لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔دوسری جانب لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف، سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر 13 ملزمان کیخلاف کیس کی سماعت2 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں آئندہ سماعت تک توسیع کر دی۔ ادھرلاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف پیراگون ہائو سنگ سوسائٹی ریفرنس کیس کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا۔