بارہ ربیع الاول یوم تحفظ ناموس رسالت و حرمت رسول ؐ کے طور پر منائیں گے، سراج الحق

361

پشاور ( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف کل جمعہ 30اکتوبر ( 12ربیع الاول) کو یوم تحفظ ناموس رسالت اور حرمت رسول ؐ کے طور پر منائیں گے۔ فرانس میں سرکاری عمارتوں پر خاکے لگانے اور مسجد میں دھماکے کے خلاف بھرپوراحتجاج کریںگے۔ مساجد میں خطبات جمعہ میں سیرت النبی ؐ اور شان مصطفی ؐ بیان کی جائے گی اور توہین آمیز خاکوں کے خلاف مظاہرے ہوںگے ۔ پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ فرانس میں خاتم النبیین ؐ کے توہین آمیز خاکے شائع کرنے اور پھر انہیں سرکاری عمارتوں پر چسپاں کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فرانس کی تمام مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے ۔فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلا کر عالم اسلام کی طرف سے فرانس سمیت یورپ او رمغرب میں ہونے والے اسلاموفوبیااور گستاخی کے واقعات کو روکنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل دیا جائے ۔ فرانس نے دنیا بھر کے 2 ارب مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے ۔پیغمبر اسلامؐ جو پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر آئے ان کی شان میں گستاخی کو ہم کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے ،یہ ہمارے ایمان کے منافی ہے ۔دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل زخمی ہیں لیکن عالم اسلام کے حکمران بے حس اور غیر ت حمیت سے عاری ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالم اسلام کی قیادت کرنی چاہیے ۔