حیدرآباد،نوابشاہ(اسٹاف رپورٹر،نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاکہ سندھ کے جزائر پروفاق کا قبضہ برداشت نہیں کریں گے۔ عمران خان حکومت دہشت گردی کنٹرول میں ناکام ہوچکی ہے ‘ حکومت نے کشمیر کا سودا کرلیا ہے یہ ہی وجہ ہے کہ ایک سال سے زائد عرصہ گذر گیا بھارت نے کشمیر کو فوج کے ذریعے یرغمال بنا رکھا ہے ۔نااہل اور نالائق حکومت کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہوگئی ہے ‘ مہنگائی اور غربت نے 72سالہ ریکارڈ توڑد یا جس شخص نے کبھی یونین کونسل نہ چلائی ہو وہ ملک کس طرح چلاسکتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے تنظیمی دورے کے موقع پر حیدرآباد میں ڈویژنل صدر انور سومرو کی رہائشی پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق گورنر محمد زبیر‘ کھٹیل داس کوہستانی‘ صوبائی صدر شاہ محمد شاہ ودیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے ۔ احسن اقبال نے کہاکہ پشاور میں مدرسہ کے اندر بم
دھماکا انتہائی قابل مذمت ہے، عمران خان کی حکومت دہشت گردی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت نے اپنا پورا زور اپوزیشن کو دبانے میں لگارکھا ہے، محافظ اداروں کو گلگت بلتستان کے انتخابات میں مصروف کررکھا ہے ایسی صورتحال میں دہشت گردی نہیں ہوگی تو کیا ہوگا؟ انہوںنے مزید کہاکہ وفاقی حکومت نے آزاد میڈیا کو قید کر رکھا ہے۔ سندھ کے جزائر پر وفاقی کے قبضہ کو ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کہتی ہے کہ ساری اپوزیشن بھارت کی ایجنٹ ہے یہ کہنا ملک سے غداری ہے محب وطن جماعتوں اور رہنمائوں کو غدار اور ایجنٹ کہنا اچھی روش نہیں ہمیں عمران خان سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمر ان خان نے یہ طے کررکھا ہے کہ میرے بعد اب کوئی حکومت نہ آئے اسی لیے وہ مارشل لاء کی راہ ہموار کررہے ہیں لیکن افواج پاکستان کی قیادت کو ان حالات کا بخوبی اندازہ ہے وہ اب عمران خان کی سازش کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ علاوہ ازیںمسلم لیگ نوابشاہ کے تحت ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ حکمران ریاست مدینہ کی توہین کر رہے ہیں۔ ریاست مدینہ میں شوگر مافیا نہیں ہوتی جنھیں این ار او دے کر فرار کروایا جائے۔ ریاست مدینہ میں ادویات مافیا، گندم مافیا نہیں ہوتی، ریاست مدینہ میں گیس اور بجلی کا بل ادا کرنے کے بعد بچوں کی روٹی کی فکر نہیں پڑتی تھی۔اس وقت ملک پر ایک بہروپیا حکمران ہے جس نے نیا پاکستان کا چہرہ دکھا یا،پاکستان کے عوام ستر سال میں اس سطح پر نہیں تھے جس کا آج سامنا کر رہے ہیں۔ ان حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کر لیا ہے۔ بھارت سی پیک کی ناکامی پر خوش ہو رہا ہے ،سفارتی طور ہم تنہا ہو چکے ہیں اگر پاکستان کو بچانا ہے ملک کو بے روزگاری غربت سے بچانا ہے تو عمران خان سے نجات حاصل کر کے ملک کو آئین کے مطابق چلانا ہوگا ۔ لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے گندم چوری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میںگندم کابحران پیدا ہو گیا ہے۔ ملک پر اس وقت چور حکمران مسلط ہیں جنھوں نے ووٹ سے لیکر روزگار تک چوری کیا ہے ۔اس موقع پر سابق گورنر سندھ محمد زبیر،شاہ محمد شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔