اسلام آباد( صباح نیوز+اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں پر فرانس سے سفیر کو مشاورت کے لیے بلانا پڑا توبلائیں گے۔ منگل کو اپنے بیان اور نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے معاملے کو او آئی سی کے پلیٹ فارم پر اٹھایا جائے گا، ہولو کاسٹ سے متعلق مواد کی تشہیر روکی جاسکتی ہے تو اسلام کے خلاف توہین آمیز مواد پر پابندی عائد کیوں نہیں کی جاسکتی۔شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہاکہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے ، بھارت سے مذاکرات اس وقت تک نہیں ہوں گے جب تک مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم بند نہیں ہوگا، کشمیر عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔