مریم کا گمشدگیوں کا معاملہ اٹھانا حیران کن ہے، شیریں مزاری

299

اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مریم نواز کا جبری گمشدگی کا معاملہ اچانک سے اٹھانا حیران کن ہے، مریم گرفتار دہشتگرد کی اٹھائی ہوئی تصویر کی انجانے میں حمایت کر رہی تھی، اویس نورانی کا آزاد بلوچستان اور مریم نواز کا دہشتگرد کی تصویر شیئر کرنا کیا محض اتفاق ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ
پی ٹی آئی کی حکومت نے جبری گمشدگی کا معاملہ اٹھا کر جمود کو توڑا ہے، پی ٹی آئی حکومت جبری گمشدگی سے متعلق بل لا رہی ہے اور وفاقی کابینہ نے جبری گمشدگی کے معاملے پر کمیٹی بنائی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں نے جبری گمشدگی پر کبھی ایک لفظ نہیں بولا، دونوں جماعتوں کی حکومتوں کی کئی دہائیوں کی خاموشی کو پی ٹی آئی حکومت نے توڑ دیا ہے، اب شریف اور بھٹو کی اولادیں جبری گمشدگی کا ذکر محفوظ طور پر کر سکتی ہیں۔ مریم نواز کا جبری گمشدگی کو دریافت کرنا اور نواز شریف کا فوج میں بغاوت کے بیج بونا اتفاق ہے؟ کیا بھارتی این ایس اے اور پی ڈی ایم کا ایک ہی مؤقف آنا محض اتفاق ہے۔