لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش و مطلوب 8 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ ولید پولیس نے دوران چیکنگ نیو بس اسٹینڈ سے ضلع قنبر شہداد کوٹ کے مختلف تھانوں پر قتل، ڈکیتیوں اور چوری جیسے دس سے زائد مقدمات میں اشتہاری ملزم اکبر عرف جھنگو لہر کو، سیہڑ پولیس نے دوران گشت قتل اور پولیس مقابلے جیسے مقدمات میں اشتہاری دو ملزمان طالب سرگانی اور غلام حسین سرگانی کو پستول اور گولیوں سمیت، رتوڈیرو پولیس نے دوران گشت بائی پاس سے قتل کے مقدمے میں اشتہاری ملزم توکل عمرانی کو، ڈوکری پولیس نے ڈکیتی اور چوری کے مقدمے میں روپوش ملزم راحب انڑ کو، لاشاری پولیس نے روپوش ملزم سراج کاکیپوٹو کو، آریجا پولیس نے دوران گشت آریجا روڈ سے منشیات فروش مسمات امیر خاتون کھکھرانی کو ایک کلو ایک پاؤ چرس سمیت اور مارکیٹ پولیس نے دوران چیکنگ جناح باغ سے ملزم محمد علی میرانی کو چرس سمیت گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب سول لائن پولیس نے شہری بلاول ابڑو سے چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرکے اصل مالک کے حوالے کردی۔ نوڈیرو کی حد گاؤں سعدو دیرو میں گوپانگ اور مگنیجا برادری کے دو گروہوں میں رشتہ داری کے تنازع پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 45 سالا شخص غلام مصطفی مگنیجو کو شدید زخمی کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ زخمی کو ورثاء نے علاج کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا۔ اطلاع پر نوڈیرو پولیس نے پہنچ کر زخمی کو ہتھکڑیاں لگا کر اپنے حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق غلام مصطفی پر 10 سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ لاڑکانہ مدیجی کے قریب گائیجا روڈ پر تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں گائیجا کے رہائشی نوجوان عدنان گائنچو شدید زخمی ہوئے، جسے ورثاء نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، تاہم حادثے کے بعد حد کے تھانے کی پولیس نے پہنچ کی کار تحویل میں لیتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کرکے لاکپ کردیا۔