ڈسٹرکٹ سانگھڑ کے آئل اینڈ گیس کا اجلاس، 18 کروڑ کے فنڈ کافیصلہ نہ ہوسکا

246

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ سانگھڑ کے آئل اینڈ گیس سوشل ویلفیئر کمیٹی کا اجلاس، ایم این اے روشن جونیجو کا فنڈ دینے سے انکار، این اے 236 کے 18 کروڑ روپے کے فنڈ کا فیصلہ نہ ہوسکا، اجلاس بغیر نتیجے ختم، سینیٹر شوقین کی کمیٹی سے غیر قانونی خرچ کیے گئے فنڈ کا حساب لیا جائے گا، ایم این اے روشن جونیجو۔ این اے 236 پر قائم آئل اینڈ گیس ویلفیئر کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس سانگھڑ میں کمیٹی کے چیئرمین پیپلز پارٹی کے ایم این اے روشن جونیجو کی زیر صدارت منعقد کیا گیا جبکہ ممبران میں صوبائی وزیر فراز ڈیرو، ایم پی اے شاہد خان تھیم، کمیٹی کے سیکرٹری ڈی سی سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ، اے سی ٹنڈو آدم اعجاز احمد جتوئی، ایکسیئن پبلک ہیلتھ پیر علی رضا سمیت دیگر نے شرکت کی۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے فنڈز کے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے فراز ڈیرو، ایم پی اے شاہد تھیم نے فنڈز کے حوالے سے بات چیت کی۔ کمیٹی کے چیئرمین روشن جونیجو نے فنڈز دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر امام الدین شوقین سے مل کر مجھے فنڈز نہیں دیے گئے تھے جبکہ میرے حصے کے فنڈز بھی آپ لوگوں نے استعمال کیے۔ علاوہ ازیں اجلاس میں معاملات طے نہ پانے کے بعد کمیٹی کے چیئرمین روشن جونیجو نے فراز ڈیرو اور شاہد تھیم سے چیمبر میں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی جو نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکیں جس کے باعث اجلاس بناء نتیجے ختم ہوگیا۔ سوشل ویلفیئر کمیٹی کے چیئرمین روشن جونیجو نے تقرری کے آٹھ ماہ کے بعد پہلا اجلاس تھا، جس میں این اے 236 کے 18 کروڑ روپے فنڈز کے متعلق کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر آئل اینڈ گیس سوشل ویلفیئر کمیٹی این اے 236 کے چیئرمین و ایم این اے روشن جونیجو نے بتایا کہ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا، جس میں ڈیولپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر امام الدین شوقین سے کیے گئے خرچ کا حساب لیا جو نہیں مل سکا ہے۔ فنڈز کا حساب لیا جائے گا جبکہ سینیٹر امام الدین شوقین کو آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمیٹی کا چیئرمین نہیں مانتا کیونکہ پورے ملک میں کہیں بھی سینیٹر چیئرمین نہیں ہے۔ روشن جونیجو نے مزید کہا کہ ہماری کمیٹی قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد فنڈز استعمال کرے گی۔