ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)ٹھٹھہ شہر میں ہر جگہ گندگی کے ڈھیر ،ٹوٹی پھوٹیں گلیاں، صاف پانی اور صفائی کا نظام درہم برہم، عوامی نمائندے صرف الیکشن میں نظر آتے ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ بھی اب تک شہریوں کے لیے کچھ بھی نہیں کر پائی۔تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ ضلع کا بڑا شہر جو کہ ٹھٹھہ کے نام سے مشہور ہے اور تاریخی شہر ہے جو زبوں حالی کا شکار ہو گیا ہے ٹوٹی پھوٹیں گلیاں صاف پانی کا نظام میسر نہیں شہر کے چاروں اطراف ہر جگہ گندگی اور کچرے کے ڈھیر نظر آتے ہیں، صفائی ستھرائی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کے حوالے سے بڑے بڑے دعوے کیے گئے تھے لیکن کوئی حکمت عملی کا مظاہرہ نہیں ہوا جبکہ الیکشن قریب میں عوام سے جھوٹے وعدوں کے طریقے سے ووٹ حاصل کرنے والے عوامی نمائندگان الیکشن میں جیت جانے کے بعد پھر ان باتوں سے مکر جاتے ہیں کوئی ذمے داری نہیں لیتے ۔ ان خیالات کا اظہار ٹھٹھہ شہر کے رہائشیوں نے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی شہر تباہی کے کنارے پر ہے لیکن کوئی بھی ترقیاتی منصوبوں کے لیے کچھ بھی نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ شہر کے چاروں اطراف کا چکر لگانے میں اتنی بدبو آتی ہے جبکہ سانس لینے میں تکلیف ہوتی ہے ایسی صورتحال اور گندگی کے ڈھیروں کے باعث موذی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں لیکن انتظامیہ اور نمائندگان کو کوئی پرواہ نہیں۔ انہوں نے اعلیٰ اختیار سے اپیل کی ہے کہ تاریخی شہر ٹھٹھہ کو ترقیاتی پیکیج دیا جائے، شہر کی خوبصورتی بحال کر کے شہریوں کو جینے کا حق دیا جائے۔