کوئٹہ(خبر ایجنسیاں)کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق دھماکے کے بعد جائے وقوع سے ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی جگہ کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔دھماکے میں متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی تباہ ہوگئیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا تاہم مزید تحقیقات کے بعد دھماکے کی اصل وجوہات سامنے آسکیں گی۔ واضح رہے کہ کوئٹہ میں پی ڈی ایم جلسے کے حوالے سے نیکٹا نے الرٹ جاری کررکھا تھا اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر ڈبل سواری اور موبائل فون سروس بھی بند رہی ۔اس کے علاوہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں طبی امداد کی بروقت فراہمی کے لیے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔