-4 پسماندگان پنشن(Survivor Pension):
(i)ای او بی آئی پنشن منصوبہ ایک ایسا جامع اور مفیدمنصوبہ ہے۔ جس میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں بیمہ دار افراد اور پنشن یافتہ کی وفات کے بعد ان کی بے سہارابیوگان کو معاشرہ میں ایک باعزت زندگی گزارنے اوراس کی عزت نفس برقرار رکھنے کے عمل کوپوری طرح ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے ۔ ای او بی آئی پنشن منصوبہ کے تحت 1986میں بیوہ پنشن(Widow Pension) متعارف کرائی گئی تھی۔ بعدازاں اس پنشن کے فوائد کا دائرہ وسیع کرنے کی غرض سے اس پنشن کا نام تبدیل کرکے پسماندگان پنشن کا نام دیدیا گیا اور نومبر 1993 سے اس پنشن کی شرح 100 فیصد کردی گئی۔ لہٰذاء کسی بیمہ دار فرد یا پنشن یافتہ شوہر کی وفات کی صورت میں اس کی وفات کے دن سے اس کی/کے شریک حیات کو 100فیصد پسماندگان پنشن تاحیات ادا کی جاتی ہے۔ ایک سے زائد بیوگان کی صورت میں پسماندگان پنشن مساوی طور پر تقسیم ہوگی ،بشرطیکہ پنشن یافتہ کا نکاح60برس کی عمر سے قبل انجام پایا ہو۔
(ii)اگر کوئی پنشن یافتہ کسی معقول عذر،بیماری یا ملک سے باہر رہنے کی صورت میں بحالت مجبوری ا پنی پنشن بروقت حاصل نہ کرسکے اور اس دوران اس کی وفات ہوجائے تو اس صورت میں اس کے پنشن کے جملہ واجبات اس کے نامزدپسماندگان کو ادا کیے جائیں گے ۔
60(iii)برس سے کم عمر اور دوران ملازمت وفات پاجانے والے اور36ماہ یا زائد کی بیمہ شدہ ملازمت کے حامل بیمہ دار فرد کے/کی شریک حیات کو کم از کم پسماندگان پنشن تاحیات ادا کی جاتی ہے۔
(iv) اگر کسی بیمہ دار فرد کی عمر60 برس سے کم اور وہ کسی ملازمت میں نہ ہو اور وہ 5برس یا زائد کی بیمہ شدہ ملازمت کا حامل ہو تو اس کی وفات کی صورت میں اس کی/کے شریک حیات کو کم از کم پسماندگان پنشن تاحیات ادا کی جاتی ہے۔
(v)اگر کوئی شوہر اور اس کی بیوی دونوں ہی ای او بی آئی کے بیمہ دار فرد ہیںتو دونوں بیمہ دار افراد وقت مقررہ پر ناصرف اپنی پنشن کے حقدار ہوں گے بلکہ کسی ایک کی وفات کی صورت میں وہ اپنے/اپنی شریک حیات کی/کے پنشن کے بھی حقدار ہوںگے۔ یہ ای او بی آئی پنشن منصوبہ کی ایک نمایاں خصوصیت ہے۔
(vi)اگرکسی بیمہ دار فرد کی عمر60برس سے کم اور وہ غیر شادی شدہ بھی ہو یادوران ملازمت وفات پاجانے والے بیمہ دار فرد اور36ماہ یا زائد کی بیمہ شدہ ملازمت کے حامل یا ملازمت میں نہ ہونے کی صورت میں5برس یا زائد کی بیمہ شدہ ملازمت کے حامل ہو تو ان بیمہ دار افرادکے والدین میں سے کسی ایک نامزد شدہ فردکو عرصہ5 برس تک پنشن ادا کی جاتی ہے۔
(vii)نابالغ بچہ/بچی کے لیے پنشن فوائد: بیمہ دار فرد اور اس کی/کے شریک حیات کی وفات کی صورت میں ان کے نامزد نابالغ بچہ/بچی کو18برس کی عمر کو پہنچنے تک کم از کم پسماندگا ن پنشن ادا کی جاتی ہے۔(ایک سے زائدنابالغ بچوں کی صورت میں پنشن مساوی طور پر تقسیم ہوگی)
ریجنل کلیم کمیٹی(RCC): کسی صنعتی،کاروباری ،تجارتی یا دیگر اداروںکے بند یا ختم ہوجانے اوردیوالیہ ہوجانے کی صورت میں ایسے اداروں کے بیمہ دار افراد کی ملازمتوں کی متعلقہ آجران کی جانب سے تصدیق ممکن نہ ہونے کی صورت میں ایسے بیمہ دار ملازمین کی پنشن کو یقینی بنانے کے لیے ایسے پنشن کیسوںکو غوروخوض کے لیے متعلقہ علاقائی دفتر کی ریجنل کلیم کمیٹی(RCC)کے سپرد کردیا جاتا ہے۔ جو پنشن کیسوں کے شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لے کر دستیاب ای او بی آئی ریکارڈ اورپنشن کے دعویدار کے پاس موجود ملازمتی دستاویزات کی مدد سے دعویدار کی بیمہ شدمہ ملازمت کی تصدیق اور مدت شمار کرکے پنشن کی منظوری دیدی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ ای او بی آئی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ پنشن یافتگان کو ادا کردہ ایسی رقومات معاف کردے جو غلط طور سے ادا کی گئی ہوں، لیکن ایسی ادائیگیاں جو کسی بیمہ دار فرد کی غلط بیانی یا جھوٹے دعویٰ کی بنیاد پر کی گئی ہوں،تو ادارہ کو یہ حق بھی حاصل ہے کہ ایسی رقومات کی وصولیابی لینڈ ریونیوایکٹ 1967کے تحت کرسکتا ہے۔
(جاری ہے)