سکھر (آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو چاہیے تھا اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلتے، پی ڈی ایم کے 2 جلسوں سے ہی حکومت ہل گئی ہے، حکمران اگر اتنا ڈرتے ہیں تو سیاست کیوں کرتے ہیں؟ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ اپوزیشن کو بالکل دیوار سے لگا دیا گیا ہو اور ایسا بھی کبھی نہیں
ہوا کہ ایک آئی جی کو اس طرح لے جایا جائے۔ اگر پولیس افسران نے احتجاج کیا تو یہ ان کا حق تھا۔خورشید شاہ نے کہا کہ قائد اعظم بابائے قوم ہیں اور اگر وہاں کسی نے جا کر فریاد کی تو کارروائی نہیں ہونی چاہیے تھی۔ اب اپوزیشن اور حکومت کے درمیان کسی قسم کا رابطہ ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت ایک پیج پر ہوں یہ ممکن نہیں رہا کیونکہ پیج ہی پھٹ گیا ہے۔ عمران خان شروع سے کپتان رہے ہیں اور حکم دینا ان کی عادت ہے۔