دادو، پولیس اہلکاروں کی زیادتیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

195

دادو (نمائدہ جسارت) تحصیل دادو میں گاؤں جڑیل بھنڈ کے رہائشی اور آبادگار معشوق بھنڈ، نثار بھنڈ، محمد رمضان بھنڈ، حاجن بھنڈ اور دیگر نے دادو پریس کلب پہنچ کر پولیس اہلکاروں کی زیادتیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی گئی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مقامی آبادگاروں نے بتایا کہ دیہہ بھنڈ سروے نمبر 643 اور 664 میں ہماری 8 ایکڑ زرعی زمین ہے، زمینوں پر پولیس اہلکار بشیر بھنڈ، نذیر بھنڈ، وحید بھنڈ، امیر بھنڈ سمیت دیگر 40 سے زیادہ مسلح افراد نے ہماری زمینوں پر قبضہ کیا اور انہوں نے فائرنگ کی، جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مظاہرین نے مزید بتایا کہ زرعی زمین جو کہ ریکارڈ کے مطابق ہماری ملکیت ہے، اس پر قبضہ کیا جارہا ہے۔ متاثرین آبادگاروں نے کہا کہ پولیس اہلکار اور دیگر مسلح افراد نے حملہ کیا، اس کے بعد تھانے فریاد لے کر گئے لیکن پولیس نے فریاد سننے سے انکار کردیا۔ انہوں نے چیف جسٹس پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدر آباد، ڈپٹی کمشنر دادو ایس ایس پی دادو سے مطالبہ کیا ہے کہ قبضہ مافیا پولیس اہلکاروں اور دیگر مسلحہ افراد کیخلاف قانونی کارروائی کرکے انصاف کیا جائے اور تحفظ فراہم کیا جائے۔