ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) گجو پولیس کا مریض پر تشدد مریض اسپتال پہنچنے سے پہلے جاں بحق۔ گھارو شہر کے رہائشی علی حسن عمرانی کو گھارو اسپتال سے سول اسپتال مکلی لایا جارہا تھا کہ راستے میں گجو شہر کے مین روڈ پر کھڑے پولیس نے کار کو روکنا چاہا لیکن کار کے نہ رکنے پر پولیس نے کار کا تعاقب کرکے ڈرائیور سمیت بیماری میں مبتلا نوجوان پر تشدد شروع کردیا، جس کے نتیجے میں مریض اسپتال پہنچنے سے قبل ہلاک ہوگیا جبکہ لاش چار گھنٹے تک پڑی رہی لیکن ڈاکٹر اپنی کارروائی کرنے سے کتراتے رہے، بالا آخر ورثا کے سخت احتجاج پر ڈاکٹروں نے کارروائی کرکے لاش کو ورثا حوالے کیا۔ پولیس کے مطابق نوجوان کے جسم پر تشدد کے نشان موجود تھے ۔ پولیس گردی کیخلاف متوفی کے ورثا نے سول اسپتال مکلی کے گیٹ کے سامنے سخت احتجاج کرکے پولیس کو واقعے کا ذمے دار قرار دیا اور ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔