لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش و مطلوب 16 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات، موٹرسائیکلیں، نقدی اور موبائل فونز برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔ مطابق نوڈیرو پولیس نے دوران چیکنگ اشتہاری ملزم ظفر پہلپوٹو کو، عاقل پولیس نے دوران گشت روپوش ملزم محمد جتوئی کو، وومن پولیس نے بشیراں کھکھرانی کو ایک کلو ایک پاؤ چرس سمیت گرفتار کرلیا، دھامراہ پولیس نے اشتہاری و روپوش پانچ ملزمان کو شراب سمیت، رتوڈیرو پولیس نے جوئے کے اڈے پر چھاپا مار کر 8 جواریوں کو نقدی اور موبائل فونز سمیت گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب سول لائن پولیس نے شہری غلام سرور ابڑو کی چوری شدہ موٹر سائیکل اور لاشاری پولیس نے شہری امام بخش منگی کی چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرکے مالکان کے حوالے کردی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ لاڑکانہ شہر کے قریب رتو ڈیرو روڈ پر تیز رفتار موٹر سائیکل پھسلنے کے نتیجے میں 12 سالہ محمد اویس کھاوڑ شدید زخمی ہوئے، جسے آسپاس کے لوگوں نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ اس حوالے سے بچے کے والد صحافی نصیر کھاوڑ کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا کام کے سلسلے میں شہر گیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل پھسلنے کے نتیجے میں وہ زخمی ہوئے۔