لاہور(نمائندہ جسارت) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں اکھاڑ پچھاڑ ہوسکتی ہے اور حکومت نوازشریف کو واپس لانے میں کتنی کامیاب ہوتی ہے یہ وقت بتائے گا۔شیخ رشید نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ اور پشاور کے جلسہ کے لیے دعاگو ہوں، اس میں دہشت گردی کا خطرہ ہے لیکن جلسوں سے حکومت کہیں نہیں جارہی، جو لوگ خود کو بہت پہلوان سمجھ رہے ہیں وہ ٹارزن کی پکڑ میں ہوں گے اور 31 دسمبر سے 20 فروری تک جھاڑو پھر جائے گی، ملکی سیاست میں اکھاڑ پچھاڑ ہوسکتی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ بعض لوگ کہہ رہے ہیں عمران خان دسمبر یا جنوری میں جا رہے ہیں، وہ کہیں نہیں جارہے اور چار ہفتوں میں مہنگائی کو کنٹرول کریں گے، ملک کا اصل مسئلہ مہنگائی ہے۔ وزیراعظم کی پوری کوشش ہوگی کہ نوازشریف کو واپس لایاجائے، اس میں کتنے کامیاب ہوتے ہیں یہ آنے والا وقت بتائے گا، شہبازشریف نے وطن واپس آکر غلطی کی، باہر ہی موج میلا کرتے رہتے، ان کا کیس سنگین ہے، انہوں نے غلط تجزیہ کیا، مریم نے دس ماہ اور نوازشریف نے ایک سال انتظار کیا ، جب بات نہیں بنی تو ان کے پاس میدان میں آنے کے سوا کوئی راستہ نہ تھا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ فرنٹ فٹ پر آگئی ہے اور پیپلزپارٹی بہتر سوچ پر کھیل رہی ہے۔ پی پی وقت آنے پر پی ڈی ایم کے وہ فیصلے قبول نہیں کرے گی جس سے جمہوریت کو خطرہ ہوگا۔ کراچی واقعے پر آرمی چیف کے بلاول کو فون سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلاول کو فون کرکے اچھا کام کیا۔شیخ رشید نے کہا کہ اداروں سے تصادم کی سیاست تباہ و برباد کردے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور جمہوری حکومت ایک پیج پر ہے۔ 90 فیصد قوم پاک فوج سے پیار کرتی ہے، 10 فیصد لوگ مایوس، شکست خوردہ اور ناکام ہیں، شکست خوردہ لوگوں کی اولادیں غیر ملکی شہریت اور خود اقاموں پرہیں، ٹی ٹی پی کے پاس بھارتی پیسہ ہیوہ سرگرم ہوچکی، پاکستان کی سیاست میں اکھاڑپچھاڑہوسکتی ہے۔