ا سکردو (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات قریب آتے ہی عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبے کا لالی پوپ دیا ہے جبکہ ہمگلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنا کر رہیں گے۔ سکردو میں کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عوام کو انقلابی منصوبے چاہئیں جو روزگار دیں اور لوگوں کی مدد کریں اور یہ کام صرف پیپلز پارٹی کر سکتی ہے‘ تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں7 سال اور پنجاب میں 2 سال لگا دیے ہیں لیکن ایک بھی نئی یونیورسٹی یا اسپتال قائم نہیں کیا‘ عمران خان کی عدالت عظمیٰ میں نظرثانی درخواست زیر التوا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کا حق نہ دیا جائے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا اور آج لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں‘ انہوں نے گھروں کا وعدہ کیا تھا اور آج تجاوزات کے نام پر لوگوں کو بے گھر کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو عمران خان سے بچانا ہے ورنہ آپ کا مستقبل بھی وہی ہوگا جو آج اسلام آباد میں احتجاج کرنے والوں کا ہے۔ قبل ازیں بلاول زرداری نے سکردو میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وہ منشور لے کر آئے ہیں جو آپ کی آواز اسلام آباد تک پہنچائے گا ‘ جب تک آپ پاکستان کی حکومت میں اپنا حصہ نہیں ڈالیں گے، جب تک آپ اس ملک کے وزیر اعظم کو منتخب نہیں کریں گے تب تک ہم آپ کے مسائل حل نہیں ہوںگے ۔