لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے کیسز میں کمی نہ آسکی، اے آر وی سینٹر انچارج کے مطابق ایک روز میں 12 جبکہ رواں ہفتے 65 کیسز رپورٹ ہوئے، سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود میونسپل انتظامیہ پر کوئی کیس داخل نہیں کیا گیا۔ سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ سکھر کی جانب سے ایک روز قبل سگ گزیدگی کے کیسز میں اضافے اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی اقدامات نہ اٹھانے پر فیصلہ دیا گیا تھا کہ جہاں بھی کتے کے کاٹنے کا کیس رپورٹ ہوا اس کا مقدمہ متعلقہ میونسپل انتظامیہ کیخلاف درج کروایا جائے، تاہم اے آر وی سینٹر انچارج کے مطابق لاڑکانہ کے مختلف علاقوں سے سگ گزیدگی کے 12 کیسز جبکہ ایک ہفتے کے دوران 65 نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جنہیں اینٹی ریبیز ویکسین کا ڈوز دے دیا گیا۔ تاہم پولیس کی جانب سے اس سلسلے میں ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود کوئی کیس داخل نہیں کیا گیا۔ سگ گزیدگی کے کیسز باقرانی، ڈوکری، قنبر، رتوڈیرو سمیت دیگر علاقوں سے سامنے آئے۔ زخمی ہونے والوں میں دو بچوں 4 سالہ محرم اور 9 سالہ رب نواز سمیت 12 افراد شامل ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کتا مار مہم شروع کی جائے جبکہ میونسپل انتظامیہ کتامار مہم کے آغاز کا دعویٰ کررہی ہے۔