گلگت بلتستان کو عمران خان سے بچانا ہے ، بلاول زرداری

301
گانچھے:پی پی چیئرمین بلاول زرداری گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران ہاتھ لہرارہے ہیں

 

گلگت (آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت ہر ادارے سے عوام کا روزگار ختم کررہا ہے، ہم نے نہ صرف گلگت بلتستان کو حقوق دلانے ہیں بلکہ گلگت بلتستان کوعمران خان سے بھی بچانا ہے ، عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا،ہم ان کو موقع نہیں دے سکتے ۔گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں انتخابی مہم کے دوران ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ یہ صرف انتخابی مہم نہیں بلکہ علاقے کے حقوق کی جدوجہد ہے جس کو ہم کئی برسوں سے چلارہے ہیں اور اب اس کا آخری مرحلہ آچکا ہے۔ہمارا منشور علاقے کے لوگوں کی آ واز ہے اور اب پوری دنیا کو بتانا ہے کہ حقوق دیے جائیں اور اسلام آ باد بھی گلگت بلتستان کی آواز سنے۔بلاول زرداری کا منشور ہی گلگت بلتستان کے عوام کا مطالبہ ہے، پوری دنیا کو بتانا ہے کہ گلگت بلتستان کو حقوق دو، ہماری آواز اسلام آباد کو سننا پڑے گی۔ بلاول کا کہنا تھا کہ
گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کے مطابق اسلام آباد میں فیصلے ہوں گے تو پھر مسائل حل ہوں گے، آج اسلام آباد میں بیٹھے لوگ گلگت بلتستان کے حوالے سے از خود فیصلے تو لیتے ہیں لیکن جب تک یہاں کے لوگوں کی بات نہیں سنیں گے اور یہاں لوگوں کی وہاں موجودگی نہیں ہوگی تو ہم پوچھتے رہیں گے کہ گلگت بلتستان کے عوام بے روزگار کیوں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پوچھتے رہیں گے کہ گلگت بلتستان میں صحت اور تعلیم کے ادارے کیوں نہیں ہیں، جب تک ہم یہ حقوق حاصل نہیں کریں گے اس وقت تک پوچھتے رہیں گے کہ یہاں کے مسائل حل کیوں نہیں ہورہے ہیں۔بلاول نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا تھا اور مجھے موقع ملا تو ان کے خواب پورے کروں گا، پی پی پی نے ہمیشہ غریب اور پسماندہ علاقوں کا خیال رکھا اور مظلوم طبقات کی خدمت کی ہے۔