متحدہ نے سندھ میں مردم شماری کیلیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کرلیا

117

اسلام آباد(آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سندھ میں شفاف مردم شماری کے لیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کرلیا۔پارٹی کیسینئر رہنما ئو ںخالد مقبول صدیقی ، عامر خان، کنور نوید جمیل، وسیم اختر، فیصل سبزواری، حمید الظفراور محمد جاوید حنیف خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ وفاقی حکومت کو سندھ میں نئے سرے سے مردم شماری کرنے کی ہدایت دے۔سینئر وکیل صلاح الدین احمد کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت کو بھی 2017 ء کی مردم شماری کے حتمی نتائج کو شائع کرنے یا نوٹی فائی کرنے سے روکنا چاہیے۔اس کے علاوہ وفاقی حکومت کو بھی عدالت عظمیٰ کے ذریعے یہ حکم دیا جانا چاہیے کہ5 بلاکس میں قابل اعتماد تیسرے فریق کے ذریعے آڈٹ کرایا جائے تاکہ سندھ میں مردم شماری 2017 ء کی مشق کی درستگی اور اس کا معیار معلوم کیا جاسکے۔درخواست میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ مردم شماری کے نتائج متضاد نظر آتے ہیں۔