کوئٹہ: انتظامات مکمل ‘پی ڈی ایم کا جلسہ ایوب اسٹیڈیم میںکل ہوگا

199

کوئٹہ(آن لائن)پاکستان جمہوری تحریک کے زیراہتمام جلسہ عام(کل) اتوار کو ایوب اسٹیڈیم میں ہوگا، اس سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ،پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی جانب سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے پرچم ‘ سائن بورڈز پر بینرز آویزاں اور استقبالیہ کیمپس قائم کر دیے گئے ، سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے عوام کو جلسہ میں شرکت کے لیے پمفلٹس بھی تقسیم کیے جارہے ہیں ۔ جلسے کے حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے سیکورٹی انتظامات سمیت ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے ۔ جلسے میں شرکت کے لیے سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین آج کوئٹہ پہنچ رہے ہیں ۔جلسے سے پی ڈی ایم کے مرکزی صدر اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمن، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری ،مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز ‘ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان ‘پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمودخان اچکزئی ‘ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اخترجان مینگل ‘ نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ ‘ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپائو ‘ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے پروفیسر ساجد میر ‘ جمعیت علمائے پاکستان کے مولانا شاہ اویس نورانی و دیگر خطاب کریں گے ۔