فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں ہوگی، الطاف حسین

131

سجاول (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی سجاول کی جانب سے پولیس جوانوں کے مسائل سننے اور سزا و جزا کے حوالے سے اردلی روم کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سجاول الطاف حسین کے احکامات پر ایس ایس پی آفیس سجاول میں پولیس کے جوانوں کے مسائل سننے اور سزا و جزا کے حوالے سے اردلی روم کا انعقاد کیا گیا۔ اردلی روم میں ضلع کے مختلف تھانوں میں تعینات پولیس کے جوانون نے ایس ایس پی صاحب کے سامنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ جس پر ایس ایس پی نے جائز مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے احکامات صادر کیے جبکہ کوتاہی و غفلت برتنے والے پولیس آفیشلز کی سرزنش اور محکمہ جاتی سزائیں دی گئیں، نیز کچھ کو تنبہیہ کی گئی اور شوکاز نوٹسز فائل کیے گئے۔ ایس ایس پی نے پینڈنگ شوکاز نوٹسز میں ہیڈ کانسٹیبل عبدالعلیم گگو، ہیڈ کانسٹیبل قادر داد کو ایک ایک سال فور فیچر دی گئی ہے جبکہ کانسٹیبل علی احمد چانڈیو کو ڈسمس فرام سروس کیا گیا ہے، کانسٹیبل محمد اشرف، کانسٹیبل رحمت اللہ اور کانسٹیبل صفدر علی کو پینڈنگ شوکاز نوٹسز میں سینشوئر کیا گیا۔ ایس ایس پی نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اپنے فرائض ایمانداری اور خلوص کیساتھ ادا کریں۔ فرائض منصبی کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔